گھوٹکی ،29جنوری (اے پی پی ):گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی میں سکھ برادری کے روحانی پیشوا گروگوبندسنگھ کے جنم دن کے موقع پر تین روزہ سالانہ میلے کا انعقاد کیا گیا،باباگرونانک گردوارہ میں بھارت سمیت ملک بھر سے یاتری شرکت کیلئے پہنچ گئے
ڈہرکی میں سکھ برادری کے روحانی پیشوا بابا گروگوبند سنگھ کے جنم دن کے موقع پر سالانہ تین روزہ میلے کا انعقاد کیا گیا ہے،میلے میں بھارت سے 8 یاتریوں کے قافلے کی شرکت ہوئی ہے جبکہ مذہبی رسومات روایتی انداز میں ادا کیے گئے ہیں، بھارت سے آنے والے یاتری گرپیٹ سنگھ۔ سنگنام سنگھ ۔و دیگر نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان میں آکر بہت خوشی ہوئی ہے اور پاکستان میں ہمیں عزت مان ملا ہے اسے ہم بھلا نہیں سکتے جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ گردواروں میں مکمل آزادی حاصل ہے جس سے مذہبی رسومات کو بلا خوف روایتی انداز میں ادا کیا گیا،سالانہ میلے کی تقریب تین روز تک مشتمل رہی جس میں فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا،میلے کی تقریبات کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ اختتامی تقریب کے دوران بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔