رحیم یار خان؛10ایکڑ پر محیط نیو جنرل بس اسٹینڈ کا افتتاح کر دیا گیا

141

رحیم یار خان ، 30 جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے رکن صوبائی  اسمبلی  چوہدری آصف مجید کے ہمراہ نیو جنرل بس اسٹینڈ رحیم یار خان کا افتتاح کر دیا، 10ایکڑ پر محیط نیو جنرل بس اسٹینڈ 20کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔

افتتاحی  تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے،مفاد عامہ کے تمام منصو بوں کو مقرر ہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میگا منصوبوں  کی تکمیل کے لئے ارکان پارلیمنٹ کا تعاون مثالی ہے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ نیو جنرل بس اسٹینڈ میں مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے لئے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں،شہر کی بہتری اور عوامی سہولیات کی حامل مختلف ترقیاتی اسکیمیں اپنی تکمیل کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے زیر التواءمنصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے فنڈز حاصل کئے جا رہے ہیں۔

رکن صوبائی  اسمبلی  چوہدری آصف مجید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کے پاس وژن اور ملک کو کامیابی سے معاشی دلدل سے نکالنے کی صلاحیت ہے،ملکی معیشت کی بحالی اور پائیدار ترقی نے اپوزیشن کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث ضلع رحیم یار خان معاشی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ہم نمائشی منصوبوں کے برعکس عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں،شہر کی سڑکوں اور سیوریج مسائل حل کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب جلد سٹی پیکج کا اعلان کریں گے۔

چوہدری آصف مجید نے کہا کہ التواءکا شکار نیو جنرل بس اسٹینڈ مکمل کرانے پر ڈپٹی کمشنر اور ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔

ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری ظفر اقبال وڑائچ، چوہدری فاروق وڑائچ، چوہدری نعیم شفیق بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے ۔