مظفرگڑھ،30جنوری ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے قصبہ گجرات کو ماڈل آئل سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور پارکو آئل ریفائنری کو مکمل محفوظ اور جدید تقاضوں کے مطابق استوار کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہا انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر آفس میں پاک عرب آئل ریفائنر ی قصبہ گجرات کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کر نے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قصبہ گجرات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا،بنیادی مرکز صحت قصبہ گجرات کو ٹی ایچ کیو سطح کا ہسپتال بنایا جائے گا اور 1122کا یو نٹ قائم کیا جائے گا جبکہ برن سنٹر بھی قائم کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ قصبہ گجرات سے چوک قریشی تک سڑک کو ڈبل کیا جائے گا،محمود کوٹ ریلوے سٹیشن سے گجرات تک ریل کی پٹڑی بچھائی جائے گی اور پاک عرب آئل ریفائنری کو ریل کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ اور گاڑیوں کی مرمتی ورکشاپس کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ یکم فروری سے قصبہ گجرات میں ٹریفک پولیس کا عملہ تعینات کر دیا جا ئے گا ، تمام آئل کمپنیاں اپنی اپنی محفوظ پارکنگ قائم کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئل ریفائنری کی حساس تنصیبات کی حفاظت ہم سب کا فریضہ ہے جس کیلئے تمام وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا قصبہ گجرات کو تما م سہولتوں سے آراستہ جدید ٹاؤن بنانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں پارکو کے ایڈمن ہیڈ ندیم اجودچشتی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس،جام آفتاب حسین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس،اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو ڈاکٹر فیاض علی،ڈی ایس پی ریاض بخاری،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ سمیت تمام متعلقہ اداروں کے حکام اور آئل کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔