ملتان، 30 جنوری(اے پی پی ):سیکرٹری ہاﺅسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کو برداشت نہیں کیا جائے گا،ہائیکورٹ کی ہدایات پر غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کی فہرستیں بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔
اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار توکل ٹاﺅن ہاﺅسنگ سوسائٹی کے دورہ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس اور ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن محمد سمیع ملک بھی موجود تھے۔
سیکرٹری ہاﺅسنگ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں ،غیر قانونی ہاﺅسنگ سوسائیٹیز کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں ،ہاﺅسنگ سوسائیٹیز میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے،شکایات کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس نے کہا کہ غیر قانونی ہاﺅسنگ کالونیز کے خلاف غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے،متاثرہ افراد کو ریلیف دیں گے،اس سلسلے میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری ہاﺅسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ سے متاثرہ افراد نے ملاقات کی اور سیکرٹری ہاﺅسنگ نے کالونی کا دورہ بھی کیا۔