پیپلزپارٹی سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا گندا کھیل کھیلنا چاہتی ہے؛ حلیم عادل شیخ

126

کراچی،30جنوری  (اے پی پی):سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا گندا کھیل کھیلنا چاہتی ہے ، سندھ میں جنگل کا قانون ہے ، پیپلزپارٹی سندھ اسمبلی کو اپنی ذات کے لئے استعمال کر رہی ہے ہم ایسا  چلنے نہیں دیں گے ،اپنے لوگوں کو بچانے کے لئے سندھ اسمبلی میں قانون سازی کی گئی جن کے خلاف ہم عدالت سے رجوع کریں گے، سندھ اسمبلی پاکستان کی پہلی قراداد پاس کرنے والی اسمبلی ہے جہاں پیپلزپارٹی نے غلط قانون سازی کی ،تین ایکٹ کو سپریم کورٹ نے ختم کر دیا تھا۔

 ان خیالات کے اظہار انہوں نے ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رہنماوں صائمہ ندیم، ادیبا حسن اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا میڈیا سیل حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلا کر عوام کو گمراہ کرتے رہتے ہیں، پیپلزپارٹی نے سندھ  میں مہنگے ایڈوائر رکھے ہیں جو ڈس انفارمیشن پھیلا رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ اور سندھ کی عوام سے محبت کرتے ہیں ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا  کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود وفاق نے عوام کی بھرپور مدد کی اور کرتے رہیں گے،پیپلزپارٹی نے غریب عوام کے بجائے امیروں کو سبسڈی دی ہے ۔ انہوں  نے  کہا  کہ سندھ میں کرپٹ بیورو کریسی کے خلاف گزشتہ روز وزیر اعظم کو خط لکھا ہے، دس سال سے زائد عرصے سے بدعنوان افسران پوسٹنگ پر ہیں، سندھ حکومت کرپٹ افسران کی سرپرستی کرکے کرپشن کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پلی بارگین کرنے کے باوجود کرپٹ افسران عہدوں پر موجود ہیں،یہ کرپٹ افسرن غلط طریقوں سے غریب عوام کا خون چوس رہے ہیں، ان کو فارغ ہونا ہوگا۔

 حلیم عادل شیخ نے کہا 12 سالوں میں سندھ پر 7ہزار 880 ارب کہاں خرچ ہوئے ، دس سالوں میں 957 ارب کی کرپشن ہوئی اس کا جواب وزیر اعلیٰ سندھ سے ضرور لیں گے۔ سندھ میں سبسڈی پر 80 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں لیکن عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچاہے ۔