ملتان؛ تحصیل آفس باغ لانگے خان میں   ریونیو عوامی کھلی کچہری کا  انعقاد

83

ملتان، یکم فروری (اے پی پی ): باغ لانگے خان میں تحصیل آفس میں   ریونیو عوامی کھلی کچہری کا  انعقاد کیا  گیا   جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر عامر خٹک  نے کی  ، کھلی کچہری میں اے ڈی سی ریونیو طیب خان سمیت  اسسٹنٹ کمشنرز، سب رجسٹرارز اور تحصیلداروں نے بھی شرکت کی جبکہ  اراضی ریکاڑڈ سنٹر کا عملہ،قانون گو اور تمام پٹواری بھی موجود تھے۔چئیرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے  کھلی کچہری میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ریونیو کھلی کچہری وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ہدایت پر منعقد کی جارہی ہیں ، کھلی کچہری میں محکمہ ریونیو کے تمام افسران موجود ہیں۔ عامر خٹک نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے ریونیو سے متعلق تمام مسائل کو ایک جگہ حل کرنا ہے،شہریوں کو اپنے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑتے ہیں۔

 عامر خٹک نے کہا کہ ریونیو کھلی کچہری ریونیو مسائل کے حل کے لئے ون ونڈو کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں   نے کہا کہ کھلی کچہری میں ریونیو ریکارڈ کی درستگی ، فرد کا اجراء اور انتقالات  کے  اندراج  سمیت رجسٹری،انکم سرٹیفکیٹ،ریکارڈ معائنہ اور ڈومیسائل کے مسائل بھی حل کئے جارہے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری   میں  80 سالہ  ضعیف العمر بیوہ  کا زمین کے انتقال سے متعلق مسئلہ لمحوں میں حل کرا دیا، ضعیف خاتون نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو ڈھیروں دعائیں دیں۔