اسلامی معاشرے میں خاندان کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور ایک صحت مند ماں ہی ایک صحت مند خاندان کو پروان چڑھا سکتی ہے: آفیسر محمد ناصر

66

مظفرگڑھ 2فروری2021( اےپی پی) :پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد ناصر نے کہا ہے کہ اسلامی معاشرے میں خاندان کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور ایک صحت مند ماں ہی ایک صحت مند خاندان کو پروان چڑھا سکتی ہے، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ہم اپنے خاندان کی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں یہ بات انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے زیراہتمام آئمہ کرام، خطباء اور علما کرام کا خاندانی منصوبہ بندی میں کردار اور اہمیت پر منعقدہ ایک تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں علماء کرام کی بات بڑی اثر رکھتی ہے لہذا ضروری ہے کہ علماء کرام عوام میں اسلامی تعلیمات کے مطابق خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کریں، تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو کیا جاسکے اور پاکستان کو ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام شادی بیاہ کی تقریبات، خطبات اور دیگر اجتماعات میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عوام کو خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ قبل ازیں تربیتی ورکشاپ سے مولانا عبدالمعبود آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام انسانی زندگی کے تحفظ کا درس دیتا ہے، ایک خوشحال خاندان کی بنیاد اچھی صحت پر ہے، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ نہ ہو تو ماں اور بچے کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے سے زچگی کے دوران ماؤں کی شرح اموات پر قابو پایا جاسکتا ہے اور خوشحال او راسلامی فلاح و بہبود پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے اور اس سلسلے میں علماء کرام اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ تربیتی ورکشاپ سے قاری ظفر کوثر چشتی،پیر افضل قاری، قاری محمد اسلم لاشاری، مولانا اسد اللہ، مولانا امداد علی کھلو، غلام علی بخاری اور قاری عبدالباسط آزاد نے بھی خطاب کیا اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔سیمینار میں پی ڈبلیو او عالمگیر سمیت محکمہ بہبود آبادی کے افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔