میرپورخاص،02 فروری ( اے پی پی): کمشنر میرپورخاص عبدالوحيد شيخ اور ڈپٹی کمشنر سلامت ميمن نے کورونا ویکسینیشن سینٹر نیو ھیڈ کواٹر سول اسپتال پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈائريکٹر ہیلتھ سروسز ميرپورخاص ڈويژن ڈاکٹر محمد يوسف کنبہار ، ڈی ایچ او ڈاکٹر مشتاق شاہ کی جانب سےکمشنر کوانتظامات کے سلسلے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ڈی ایچ او تھر پارکر ڈاکٹر گوردھن داس، عمرکوٹ ضلع کے کورونا فوکل پرسن ڈاکٹر افضل بھی موجود تھے۔ کمشنر عبدالوحيد شيخ نے کہاکہ سندھ حکومت کی ہدایات کے بعد کورونا ویکسین کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، دو یا تین دن میں میرپورخاص ڈویژن کے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز ،نرسز اور محکمہ ہیلتھ کے دیگر عملے کو ویکسنیشن لگائی جائیں گی ، ویکسین کا طریقہ مینجمینٹ سسٹم کے تحت کیا جائیگا تاکہ کوئی بھی شخص ویکسین سے رہ نہ جائے ، پہلے مرحلے میں ميرپورخاص ضلع کے 461 عملہ ، عمرکوٹ ضلع کے 450 عملہ تھرپارکر ضلع کا 500 عملہ شامل ہے ،جسے ویکسینیشن کی جائےگی۔