اسلام آباد،2فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کو باعزت روزگار حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لئے ہنر پر مبنی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نیوٹیک اور دیگر متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ اس حوالے سے موثر اقدامات کئے جائیں۔
وہ منگل کو یہاں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والے اداروں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی منزہ حسن، سیکرٹری وزارت انسانی حقوق انعام اللّہ خان، چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن، ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن شیخ اظہر سجاد اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے متعلقہ ادارے انہیں ہنرمند بنانے کیلئے اقدامات کریں، خصوصی افراد کی تربیت کیلئے بین الاقوامی معیار کے مطابق موجودہ تربیتی نصاب کی نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد ملکی آبادی کا تقریباً 12 سے 14 فیصد ہیں، انہیں مختلف شعبوں میں تربیت دیکر مرکزی تعلیمی اور معاشی نظام میں شامل کیا جانا چاہئے۔ حکومت نے خصوصی افراد کی بہبود کے لئے احساس کفالت پروگرام کے تحت متعدد اقدامات کئے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے قرضوں کیلئے رقم مختص کی گئی، خصوصی افرادکے لئے مختص کردہ فنڈز آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے کم استعمال ہوئے، ایسی اسکیمز سے فائدہ اٹھانے کے لئے خصوصی افراد میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ تنظیموں اور این جی اواز کے مابین موثر روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے، خصوصی افراد کی بہبود کیلئے اقدامات معاشرے کے تمام طبقات کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔صدر مملکت نے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کے لیے این جی اوز کے اقدامات کو سراہا۔