پشاور، 3 فروری(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں کورونا ویکسینیشن کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر محمد شاہ، ڈاکٹر فیصل شہزاد، چارج نرسز اور دیگر ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔
اس موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت کرونا وباء سے اپنے فرنٹ لائن ورکرز اور عوام کو تحفظ دینے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے اور ہیلتھ ورکرز کا تحفظ ہی ہماری پہلی ترجیح ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ویکسین کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کے مشکور ہیں۔
وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخواہ کو ابتدائی طور پر سولہ ہزار ویکسین موصول ہوئی ہیں جو وفاقی حکومت کی گائیڈ لائنز کے مطابق صوبے کے 8 اضلاع میں ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائیں گی ۔ انہوں نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی پر دوست ملک چین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چائینز ویکسین پاکستان میں وباء کی روک تھام میں بھرپور کردار ادا کریگی اور اس وباء سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگی۔
وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ کورونا صورتحال میں ہیلتھ ورکرز بشمول ڈاکٹرز ،نرسز ،پیرامیڈکس اور دیگر عملے کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں اب تک 3194 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 32 شہید ہوئے ہیں اور صوبائی حکومت ان کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
محمود خان نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز اس قوم کے اصل ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے خدمات انجام دیں، موجودہ حکومت کی کامیاب حکمت عملی سے ہم کرونا کی پہلی لہر سے سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور جلد ہی کورونا کی دوسری لہر پر بھی قابو پالینگے۔