موثر قانون سازی اور حکومتی اقدامات کے نیتجہ میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے؛ ڈی  جی  پنجاب وویمن اتھارٹی کنیز فاطمہ

68

لالہ موسیٰ ،03 جنوری (اے پی پی(: ڈائریکٹر جنرل پنجاب وویمن اتھارٹی کنیز فاطمہ نے کہا صوبہ بھر کے دارلامان میں مقیم خواتین کے لئے ٹریننگ پروگرام کا آغاز کردیا  گیا ہے،موثر قانون سازی اور حکومتی اقدامات کے نیتجہ میں صوبے میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، خواتین کو ہنرمنداور باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف تربیتی پروگرام شروع کئے جارہے  ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کیا صدر چیمبر آف کامرس وحیدالدین ٹانڈہ، نائب صدر حماد اسلم اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی کنیز فاطمہ نے کہا کہ کاروباری حضرات تربیت یافتہ خواتین کو  حکومت کیطرف سے مقرر کردہ اجرت دیں، کاروباری مراکز میں خواتین کو کام کرنے سازگار ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ ساتھ خواجہ سرا حضرات کو بھی ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

 ڈی جی کنیز فاطمہ نے بتایا کہ خواتین میں تشدد کے واقعات میں کمی لانے کے لئے مختلف پروگرامز اور قانون سازی کی جارہی ہے، لاہور اور راولپنڈی میں وویمں ن پروٹیکشن سینٹر بنائے جارہے ہیں جس میں خواتین پر تشدد سمیت تمام مسائل ایک چھت تلے حل کئے جائیں گے اور انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی جلد اس کا دائرہ کار پورے پنجاب میں وسیع کیا جائے گا ۔

 انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لئے ہیلپ لائن کا آغاز کیا جارہا ہے جس کا آغاز ملتان سے کیا جارہا ہے انہوں نے بتایا تیزاب گردی کے واقعات کو روکنے کیلئے اتھارتی کے پلیٹ فارم سے بل لایاجارہا ہے تیزاب گردی کی شکار خواتین کا علاج پر تمام اخراجات حکومت برداشت کررہی ہے۔