کرونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں سب کو متحد  ہو کر  کامیابی حاصل کرنی ہے: وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان

88

کوئٹہ ،03 فروری (اے پی پی ): وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں سب کو متحد  ہو کر  کامیابی حاصل کرنی ہے۔آج سے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں کورونا ویکسینیشن کا عمل شروع ہو گیا ہے ،پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز نرسز کو کورونا ویکسین لگائی جائے گئی-

بدھ کو یہاں  وزیراعلی سیکرٹریٹ میں کرونا ویکسین مہم کا افتتاح کرتے ہوئے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا  کہ  ویکسین پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز،سیکورٹی ادارے سمیت فرنٹ لائن پر کام کرنے والے اداروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں میڈیا سمیت دوسرے فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کو بھی ویکسینیشن مہم میں شمار کیا جائے کیونکہ میڈیا کا بھی کرونا وائرس کے حوالے سے جاری جنگ میں اہم کردار رہا ہے ۔پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں تمام ادارے کے لوگوں کو  شامل کرنا ہوگا  جبکہ پرائیویٹ ہیلتھ ڈاکٹرز کو بھی ویکسینشن میں شمار کیا جائے گا۔

 جام کمال خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑی جانیوالی جنگ میں آج سے شروع کئے جانے والی ویکسینیشن کا عمل کامیابی کی جانب پہلا قدم ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ این سی او سی کی جانب سے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ میں5ہزار ویکسین فراہم کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں کوئٹہ، چاغی، تفتان،لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں کو فراہم کی جارہی ہے جہاں فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کی ویکسینیشن کی جائے گی جبکہ دوسری ملنے والی کھیپ بھی صوبے کے مختلف اضلاع کو فراہم کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے دو بڑے ہسپتالوں سمیت چلڈرن ہسپتال میں بھی کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے پوائنٹ قائم کر دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ کے فاطمہ جناح ٹی بی سینٹوریم اور شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جائی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلی سیکرٹریٹ میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کو کروناوائرس سے بچاؤ کو ویکسین لگائی گئی۔

اے پی پی /کوئٹہ/قرۃالعین