خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حل اور معاون آلات تک رسائی یقینی بنانے کیلئے روڈ میپ کی تیاری ضروری ہے؛صدرمملکت  عارف علوی

86

اسلام آباد،3فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حل اور معاون آلات تک رسائی یقینی بنانے کیلئے روڈ میپ کی تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معذوری کا مسئلہ گھمبیر ہے، اس کے موثر حل کیلئے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

 وہ بدھ کو یہاں خصوصی افراد کیلئے معاون ٹیکنالوجی پر قومی سٹیرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی، وزارت انسانی حقوق، صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور صوبوں و علاقہ جات کے نمائندوں کی شرکت کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حل اور معاون آلات تک رسائی یقینی بنانے کیلئے روڈ میپ کی ضرورت ہے،  معذوری کے مسئلہ کے موثر حل کیلئے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاون آلات کی کمی اور عوامی عمارات تک رسائی سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے، خصوصی افراد کی فلاح کیلئے صوبوں کے علاوہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔

  اجلاس میں صوبوں کے مابین بہتر روابط کے لئے متعلقہ وزارتوں کے فوکل پرسن کی تقرری پر اتفاق کیا گیا اور معاون آلات اور مصنوعی اعضاء کی تیاری میں استعمال ہونے والی مصنوعات پر ٹیکس چھوٹ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

 ایم ڈی بیت المال نے کمیٹی کو خصوصی افراد کی سہولت اور بہبود کیلئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی افراکو مالی امداد ، وہیل چئیرز اور دیگر معاون آلات فراہم کیے گئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے معیار پر 25 اقسام کے معاون آلات کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ صدر مملکت نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے پاکستان بیت المال کی کاوشوں کی تعریف کی۔