اسلام آباد،3فروری (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین میں بریسٹ کینسر کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جلد تشخیص کی بدولت اس مرض سے بچاؤممکن ہے ،زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کینسر سے بچائو کی مہم میں ہمارا ساتھ دیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینسر کے عالمی دن کی مناسبت سے بدھ کو یہاں بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پینک ربن کے اشتراک سے کیا گیا ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس اور پینک ربن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔
خاتون اول نے کینسر اور بالخصوص بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص سے صحت یابی کے ا مکانات زیادہ ہوتے ہیں اس لئے خواتین میں اس بارے میں مکمل آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اس جان لیوا مرض کے بارے میں ملک بھر کی خواتین میں شعور اجاگر کرنے کے لئے مہم شروع کی جس کی بدولت آج ہمارے معاشرے میں بریسٹ کینسر کے بارے میں بات کی جارہی ہے ۔ اس مہم میں میڈیا اور سول سوسائٹی نے بھر پور کردار ادا کیا ہے ۔
خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ خواتین ملکی آبادی کا نصف سے زائد ہیں انہیں گھر کے کام کاج اور خاندانی اقدار کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ ملک اور قوم کے لئے بھی متحرک کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ عورتوں میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے اس مرض سے ہونے والی اموات کی شرح زیادہ ہے ، جلد تشخیص سے اس کا علاج اور بچاؤممکن ہے اس مقصد کے لئے خواتین میں خود تشخیصی کے طریقہ کار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد ساتھ دیں اور کینسر سے بچائو کے لئے آواز اٹھائیں ۔ آج کی خواتین آگے بڑھ کر ملکی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہیں ان کا صحت مند ہونا ضروری ہے ۔
بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ تاجر برادری کی جانب سے بریسٹ کینسر سے بچائو کے لئے آواز اٹھانا خوش آئند کاوش ہے ، اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد جاری رہنا چاہئے ۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کی آمدورفت میں سہولت کے لئے عمارات کے باہر ریمپ کی تعمیر سمیت دیگر اقدامات کو یقینی بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں ۔
قبل ازیں اسلام آباد چیمبر آف انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس نے خاتون اول کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ تاجر برادری کاروبار کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمہ داریاں بھی پوری کر رہی ہے ، ملک کی موجودہ سیاسی قیادت کے وژن کی بدولت تمام شعبوں میں بہتری آرہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کی وباء کے دوران معیشت کی کارکردگی بہتر رہی جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بریسٹ کینسر کی تشخیص ، علاج اور اس سے بچاؤکے بارے میں آگاہی کے لئے حکومتی سطح پر حوصلہ افزا اقدامات کئے گئے ہیں ۔
پینک ربن کے سی ای او عمر آفتاب نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کی جانب سے بریسٹ کینسر کے خلاف مہم میں قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال کے عرصہ میں اس حوالے سے اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ۔ انہوں نے پاکستان میں کینسر کے مرض کے علاج اور اس سے بچاؤکے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔