نیا بلدیاتی نظام  وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کا حصہ ہے، ہر حال میں کامیاب بنائیں گے: صوبائی وزیر راجہ بشارت

71

لاہور،4 فروری(اے پی پی):صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام  وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کا حصہ ہے، ہر حال میں کامیاب بنائیں گے۔ پنجاب حکومت ہر حال میں رواں سال ستمبر سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہے۔

جمعرات کو یہاں  مقامی ہوٹل میں منعقدہ ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دینی ہے، بلدیاتی قانون کو مزید موثر بنانے کے لیے نئی ترامیم بھی لائی جا رہی ہیں،نئی ترامیم میں ضلع کونسل کی بحالی سمیت ویلیج کونسلز کی تعداد 25 ہزار سے 8 ہزار کرنے کی تجاویز شامل ہیں ۔

راجہ بشارت نے  کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز ہے۔ہر مرحلے میں تین تین ڈویژنوں میں ہر سطح کے مکمل انتخابات کروائے جائیں گے۔انہوں  نے کہا کہ

نئے بلدیاتی نظام میں خواتین اور یوتھ کو موثر نمائندگی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ قانون اور پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کا عمل  بہتر بنانے کے لیے ریسرچ سیل قائم کر رہے ہیں۔

پائیدار بلدیاتی نظام کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد این جی اوز ڈی آر آئی اورآئیڈیا نے کیا تھا۔

اس موقع پر ایم پی اے سید مرتضی شاہ ، ایم پی اے فاروق دریشک،سلمان عابد، جاوید ملک اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔