اسلام آباد،4فروری (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے بچیوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کردار سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن کی اس حوالے سے خدمات قابل ستائش ہیں، گرلز گائیڈز کی تحریک کا حصہ بن کر ملک و قوم کی خدمت کرنا اعزاز کی بات ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نیشنل چیف گائیڈ کاحلف اٹھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان کے لئے بہت اہم ہے کیونکہ وہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے گرلز گائیڈز کی تحریک کا حصہ بنی ہیں یہ بڑے اعزاز کی بات ہے ۔
ثمینہ علوی نے کہا کہ اب وہ گرلز گائیڈز میں شامل بچیوں کے ساتھ مل کر وطن کی خدمت کی تحریک کا حصہ ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح قومی سطح پر خواتین کے کردار کے حامی تھے ، اسی لئے انہوں نے فاطمہ جناح کو گرلز گائیڈز کی تشکیل کی ہدایت کی تھی ، آج اس کا شمار معتبر تنظمیوں میں ہوتا ہے جو نوجوان لڑکیوں کے قومی ترقی میں فعال کردار کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
خاتون اول نے کہا کہ پاکستان گرلز گائیڈز نے ناگہانی آفات میں انسانی خدمت کے ذریعے معاشرے میں مقام حاصل کیا جس پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے ۔اس تنظیم کے دائرہ کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم و تربیت کے علاوہ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ اسلامی اور پاکستانی اقدار کی پاسداری یقینی بنائی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ یہ تنظیم بچیوں کی تعلیم و تربیت اور مختلف امور سے آگاہی کی تحریک بھی ہے ، اس میں شامل ممبران خواتین میں بریسٹ کینسر کے خلاف آگاہی کی قومی مہم میں فعال کردار ادا کریں ، اسی طرح گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن خصوصی افراد کی مدد و سہولت کے لئے ایک فورس کی طرح کام کر سکتی ہے ۔
قبل ازیں نیشنل کمشنر پاکستان گرلز گائیڈز ماریہ صابری نے خاتون اول کا خیرمقدم کرتے ہوئے گرلز گائیڈز کی تحریک میں شامل ہونے پر انہیں خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے کہاکہ بیگم ثمینہ عارف علوی کی سرپرستی اور دلچسپی سے یہ تحریک دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کا مقصد بچیوں کو کارآمد شہری بنانا اور بامقصد زندگی گزارنے کے قابل بنانا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان گرلز گائیڈز ہر صوبے میں موجود ہے ، ہماری کوشش ہو گی کہ اس کے دائرہ کو مزید وسیع کیا جائے ۔
اس موقع پر فرحانہ عظیم نے خاتون اول کا شکریہ ا دا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بچیوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان میں حب الوطنی کا جذبہ بھی بیدار کرنا ہو گا تاکہ وہ ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں ۔قبل ازیں خاتون اول نے نیشنل چیف گائیڈ کا حلف اٹھایا اس موقع پر گرلز گائیڈز نے قومی ترانہ اور ملی نغمہ بھی پیش کیا ۔











