اقوام متحدہ کے مطابق کشمیر پاک بھارت تنازعہ، کشمیری عوام کے رائے کے مطابق حل ہوگا؛پاکستانی سفیر اسد مجید کا امریکی جریدی کو انٹرویو

304

 واشنگٹن ڈی سی (امریکہ)،05فروری(اے پی پی):امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ کشمیر ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ ہے جس کا حل کشمیری عوام کی راۓ سے ہی ممکن ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالےسے امریکی جریدے واشنگٹن ڈپلومیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسد مجید خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر، بھارت خود اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں لے کر گیا تھا اور اب اس سےانکاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں انسانی جانوں کے قتل، جبری گمشدگیوں، عورتوں کی عصمت دری اور بچوں پر پیلٹ گنز کے استعمال میں ملوث ہے۔

 پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے او آئی سی، برطانوی پارلیمنٹ، امریکی کانگریس، یو این کے انسانی حقوق کی کمشنر اور انسانی حقوق کمشن نے بھی بات کی۔

انہوں نے مُختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوۓ کہا کہ  مسئلہ کشمیر کو نہ صرف قانونی بلکہ امن و سیکورٹی اور انسانی المیے کے تناظر میں دیکھا جانا چاہئے۔بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35A کا خاتمہ کرکے نہ صرف بھارتی آئین کی خلاف ورزی کی بلکہ ماضی کی بھارتی لیڈرشپ کی بھی نفی کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت اپنے ہی کئیے گئیے فیصلوں سے انکاری ہے۔

پاکستانی سفیرنے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان حل طلب مسئلہ ہے،جسکے پر امن حل تک پورے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ سابق صدر ٹرمپ اور نئی امریکی انتظامیہ نے بھی مسئلہ کشمیر کے حل کی بات کی۔اقوام عالم کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کشمیری عوام کی معاشی حالت بھی تباہ ہو چکی ہے، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر لاک ڈاؤن ختم کرنا چاہئے۔

 ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر اسد مجید نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا پاکستان اور بھارت کے دو طرفہ تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ پُر امن ہمسائیگی کا ہاتھ بڑھایا مگر دوسری جانب سے جواب منفی میں ملا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے بھارت ایک قدم آگے آئے تو پاکستان دو قدم آگے آئیگا۔

ڈاکٹر اسد مجید نے کہا کہ5 فروری کو پوری دنیا میں مقیم پاکستانی اور کشمیری یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں، یہ دن مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد دنیا کو باور کرانا ہے کہ مسئلہ کشمیر یو این سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے کا طویل ترین تنازعہ ہے۔