پشاور،5 فروری(اے پی پی): وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پرامن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا۔ پاکستانی عوام اور حکومت وزیرعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھر پور سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلی نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں نکالی گئی ایک مرکزی ریلی سے خطاب کے دوران کیا، یوم کشمیر کے مناسبت سے نکالی گئی ریلی اور واک کی قیادت وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کی جس میں سکول کے بچوں، منتخب عوامی نمائندوں اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلی سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں کیونکہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے اس کے بغیر خطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن ہی نہیں۔
محمود خان نے کہا کہ فاشسٹ مودی سرکار نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے کشمیری میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، مگر ہم مظلوم کشمیری عوام کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
محمود خان نے ریلی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس انداز میں کشمیر کا مقدمہ اٹھایا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔