وزیراعظم عمران خان نے مدلل اور موثر انداز سے دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کو پیش کیا ؛ سینیٹر شبلی فراز

71

اسلام آباد،5فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج ہم سب شہداء کشمیر کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے مدلل اور موثر انداز سے دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کو پیش کیا ، عالمی برادری کا مسئلہ کشمیر بلخصوص ہندوستان کے مظالم پر دوہرا معیار ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ،  کشمیر ایسا مسئلہ ہے جس کو حل کیے بغیر خطے میں امن کی کوئی ضمانت نہیں، ایسا سانحہ رونما ہوسکتا ہے جس سے خطہ نہیں پوری دنیا متاثر ہوسکتی ہے ۔

 وہ جمعہ کو لوک ورثہ میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز (ڈی ای ایم پی) کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر سے متعلق تصویری نمائش سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر نے  تصویری نمائش کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ  پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیرکی مناسبت سے تصویری نمائش کا انعقاد احسن اقدام ہے ، یہ تصاویردنیا بھر کے لئے بھارتی مظالم کا واضح ثبوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن  پورے ملک اور دنیا میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری ،نہتے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ، یہ  بنیادی طور پر ان شہیدوں ،لاکھوں لوگوں کے ساتھ یکجہتی ہے  جو آزادی کی نعمت سے محروم ہے اور آزادی کے لئے انکی  قربانیوں کا اعتراف ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے غاصبانہ طرز عمل اور  یواین قرادادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کیں اور خاص طور پر 5اگست 2019 آرٹیکل 35, 370 کو منسوخ کر کے جو اقدام اٹھایا اسکی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔پورے کشمیر میں گذشتہ ڈیڑھ سال سے بدترین لاک ڈائون ہے ،ہندوستان نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل  بنادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی غاصب فوج مظلوم اور نہتے کشمیری نوجوانوں کے  اغواء ،خواتین کی عصمت دری میں ملوث ہیں اس پر  عالمی تنظیموں ، انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے ،21صدی میں بھی کشمیری عوام پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اسکے برعکس ہندوستان کی موجودہ حکومت کاان کے ساتھ وحشیانہ طرز عمل سب دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اس جدوجہد کو وزیراعظم عمران خان کی پالیسی نے نئی روح پھونکی ہے ، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ 22کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ‘ پاکستان کشمیری کی سیاسی ‘سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔