گلگت،05 فروری (اے پی پی ): دنیا بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تمام دس اضلاع میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالیں گئیں۔اس سلسلے میں آغا خان شاہی پولو گراؤنڈ گلگت سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں صوبائی وزراء، سیکریٹریز،سکولوں کے طلبہ اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی کا اختتام پر اتحاد چوک پر یوم یکجہتی کشمیر کا مرکزی جلسہ منعقد ہوا جس سے سینئر وزیر گلگت بلتستان کرنل (ر) عبیداللہ بیگ،وزیر خزانہ گلگت بلتستان جاوید منوا اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جب تک کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق،حق خود ارادیت نہیں دیا جاتا ہر فورم پر ہماری جدو جہد جاری ساری رہے گی۔
مقررین نے کہا کہ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر میں مظلوم عوام پر بربریت بند کرنے میں اپنا مثبت اور فیصلہ کن کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پوری عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مرتے دم تک ان کے حق میں آواز بلند کرتے رہے گی۔
جلسے کے احتتام پر شرکاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور ان کی جدو جہد میں جلد کامیابی کے خصوصی دعا کی۔
اسی سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ق کے زیر اہتمام مرکزی دفتر خومر گلگت سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنوں نے کشروٹ کلمہ چوک سی مرکزی دفتر تک ایک ریلی کا انعقاد کیا۔