سیالکوٹ05فروری(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، پاکستانی عوام کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور کشمیر کی آزادی تک مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑی رہے گی ۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسکہ میں فرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام عالم اور بالخصوص انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو مظلوم کشمیریوں کی چیخ وپکارکیوں سنائی نہیں دیتی ان کو بھارتی فوج کے مظالم کیوں نظر نہیں آتے ۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اپنی شہ رگ کو دشمن کی گرفت سے آزاد کرائے بغیر ہر گز آرام نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اپنی منظور شدہ قرار داد پر عملدرآمد کروائے اور کشمیر یوں کو استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلا کر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں ۔
بعد ازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیر قیادت اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی جو میلاد چوک سے شروع کر بنگلہ چوک میں اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کے شرکاءکشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے ۔











