چنیوٹ،06فروری(اے پی پی):ضلع چنیوٹ میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیاہے، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بنائے گئے کورونا ویکسین سنٹر کا افتتاح کیا ، سی ای او ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل ،ڈاکٹر صادق و دیگر بھی موجود تھے۔
ضلع میں سرکاری ہسپتالوں کی سطح پر 3 مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں ڈی ایچ کیوچنیوٹ ، ٹی ایچ کیو لالیاں اور ٹی ایچ کیو بھوانہ شامل ہیں جہاں روزانہ 30 ڈاکٹرز وپیرا میڈیکس سٹاف کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔پہلے مرحلے میں نادرا کی طرف سے آن لائن رجسٹریشن کی تصدیق کے بعد 260 ڈاکٹرز وسٹاف کو ویکسین لگے گی ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ضلع کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ کے100ہیلتھ ملازمین ، ٹی ایچ کیو ہسپتال لالیاں میں 100 جبکہ ٹی ایچ کیو بھوانہ کے 60 ہیلتھ ملازمین کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔دوسرے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بزرگ شہریوں کوکورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈی ایچ کیوچنیوٹ ، ٹی ایچ کیو لالیاں اور ٹی ایچ کیو بھوانہ کے ویکسینیشن مراکز میں کوروناویکسین لگوانے والوں کا مکمل ڈیٹا محفوظ رکھا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا ویکسین کومحفوظ رکھنے کیلئے آئس لائن ریفریجریٹرزکا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا کہ کوروناسے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیرپر سختی سے عملدرآمدضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز نے انتہائی محنت اور جانفشانی کے ساتھ کورونا وبا کے دوران خدمات سرانجام دی ہیں اورہیلتھ کیئرورکرز ہمارے ہیروہیں۔