مری،06فروری(اے پی پی):چیئرمین سٹیڈنگ کمیٹی برائے پاپولیشن پنجاب ورکن صوبائی اسمبلی بیگم عابدہ راجہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر جو ظلم و ستم ڈھایا جا رھا ھے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی لیکن نہتے کشمیری جدوجہد آزادی کے لئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی قوم مظلوم کشمیری مسلمانوں کا ساتھ دینے کے لئے اس جہاد میں شامل ہوں، بوڑھے بچے خواتین اور نوجوان کشمیریوں کے شانہ بشانہ چلیں۔
وہ مری آرٹس کونسل میں “یوم یکجہتی کشمیر”کے سلسلہ منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھی، سیمنار میں سول سوسائٹی اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کے مسلمان تنہا نہیں بلکہ پاکستان ان کی پشت بانی کررہا ہے، یوم یکجہتی کشمیر پر پوری پاکستانی قوم نے یکجہتی کا ایک مثالی کردار ادا کیا ہے۔
بعد ازاں مری آرٹس کونسل کی آرٹ گیلری میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم وستم کے حقائق پر مبنی تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا، نمائش میں رکھی گئی تصاویر کو عوام نے بڑی تعداد میں دیکھا اور بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔