ہری پور: ہفتہ بین المذاہب ہم آہنگی کی مناسبت سے غازی میں کمیونٹی ڈائیلاگ کا انعقاد

76

 

ہری پور،08 فروری ( اے پی پی ): سنگی فاؤنڈیشن کے آواز دو پروگرام کے تحت، کاوش ویلفیئر سوسائٹی ہملٹ اور غازی آرٹس کونسل کے اشتراک سے، ہفتہ بین المذاہب ہم آہنگی کی مناسبت سے غازی میں کمیونٹی ڈائیلاگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔

تقریب کی صدارت تربیلا پریس کلب غازی کے صدر محمد شہباز نے کی۔ خطبہ استقبالیہ آرٹس کونسل کے صدر  عاصم نوازطاہر خیلی جبکہ تعارفی کلمات سنگی کے ریجنل کوآرڈی نیٹر صابر خان یوسف زئی نے ادا کئے۔

سنگی کے ریجنل کوآرڈی نیٹرصابر خان  نے تقریب سے   خطاب میں کہا کہ معاشرے میں بڑھتی بے چینی اور عدم برداشت کی روک تھام کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ ناگزیر ہے،ہفتہ بین المذاھب ہم آہنگی مختلف مذاہب و مکاتب فکر افراد کیلئے باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں  نے کہا کہ آواز دو پروگرام کے زیر اہتمام ہونے والے اس مکالمے کے تمام شرکاء کو ایک دوسرے سے معاشرتی ہم آہنگی کے متعلق مقامی امور کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم ہوا اور یہ کہ ہر کوئی اپنی برادریاں میں اقلیتوں کو شامل کرنے میں کس طرح اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔

آواز دو کے غازی سے فوکل پرسن ریاست علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے مکالمے نے ہم سب کو ایک پلیٹ فارم کے تحت ایک ساتھ لایا ہے تاکہ بات چیت کی شکل میں ھم آہنگی کے باہمی خدشات کے تدارک کیلئے سفارشات و تجاویز مرتب کی جا سکیں، اور یہ کہ مکالمے سے ثابت ہوا کہ باہمی افہام و تفہیم اور گفت و شنید امن کے قیام کے  کلیدی جزو ہیں۔

تقریب سےتحصیل خطیب مولانا مفتی اختر نواز، سوشل ایکٹیوسٹ سدرۃالمنتہی، سحرش مہتاب،ہزارہ ڈویژن انصاف اقلیتی ونگ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جاوید مسیح، کیتھولک چرچ صوبڑہ سٹی بابو روبن، پاسٹر فرحال آئزک اور پاسٹر غلام شاد نے خطاب کیاجبکہ صحافی برادری، سول سوسائٹی ،  کاوش اراکین اور غازی آرٹس کونسل کے زعماء سمیت خواتین وحضرات نے شرکت کی۔

واضح  رہے کہ  برطانوی کونسل کے زیر اہتمام آواز دو پروگرام خیبر پختون خوا اور پنجاب میں مقامی آبادیوں کے ساتھ مل کر بچوں، خواتین، نوجوانوں اور دیگر پسماندہ و کمزور گروہوں کے حقوق کے فروغ کیلئے کام کرتا ہے جن میں نوجوان افراد، خواتین، اقلیتیں شامل ہیں، تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض نوید سرور نے انجام دیے۔