ملتان، 09 فروری (اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں قبضہ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔کمشنر جاوید اختر محمود قبضہ مافیا کی سرکوبی کیلئے سرگرم عمل ہوگئے ہیں، تمام ڈپٹی کمشنرز کو قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے ، ڈویژن میں قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن مہم زور و شور سے جاری ہے۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ نے مہم میں واگزار کرائی گئی اراضی کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہی،ڈویژن میں 9720 ملین روپے کی 27 ہزار کنال سے زائد زمین واگزار کروالی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کیخلاف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 30 شکایات پر کارروائی کی گئی ہیں
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 408 کنال زمین واگزار کروالی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی 107 ملین روپے کی زمین واگزار کروالی گئی ہے اور ڈویژن میں13 ہزار پانچ سو چونسٹھ کنال 16 مرلے سرکاری اراضی موجود ہے، 26 ہزار کنال زمین پر مختلف عدالتوں میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ قبضہ مافیا سے سرکاری زمین کا ایک ایک انچ واگزار کروائیں گے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ لیگل سیل عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے فوری پیروی کر کے قبضہ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرے۔
جاوید اختر محمود نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ایم ڈی اے سمیت تمام ادارے نزول لینڈ کے حوالے سے مشترکہ پالیسی تشکیل دیں اور قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرنے والے کڑے احتساب کیلئے تیار رہیں۔