ملتان، 10 فروری (اے پی پی ):سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ گندم کی فصل اس وقت ایک اہم مرحلے سے گزر رہی ہے لہٰذا فیلڈ عملہ الرٹ رہے اور کاشتکاروں کی رہنمائی میں مزید تیزی لائے۔ گندم کی فصل کو کنگی کے ممکنہ حملہ سے بروقت بچانے کیلئے کاشتکاروں کی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے اور انہیں کنگی کی پہچان، نقصان اور اس کے تدارک بارے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ اس سال گندم کی فصل کی مجموعی صورت حال تسلی بخش ہے لہٰذافیلڈ فارمیشنز گندم کے ایک ایک دانے کو بچانے کیلئے چوکس رہیں تاکہ پیداواری ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کوہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اقسام جو کنگی کے حملہ سے متاثر ہوں ان کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے تاکہ مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی کی جاسکے۔
ثاقب علی عطیل نے کہا کہ گندم کی فصل پرمختلف پھپھوند کش زہروں کے ٹرائلز بھی کئے جائیں تاکہ کنگی کیخلاف سب سے بہتر نتائج دینے والی زہر کا انتخاب کیا جاسکے۔