ملتان 12 فروری(اے پی پی ): پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان کے زیر اہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل اور ویز واش ملتان کے تعاون سے پاکستانی خواتین کے قومی دن کے موقع پر خصوصی سیمینار بعنوان کرونا وباء کے وومن ایجوکیشن پر اثرات کا انعقاد الاظہر سائنس ہائی سکول پیپلز کالونی ملتان میں کیا گیا۔ جس کی صدارت پرنسپل مسز شگفتہ اظہر نے کی، مہمانان خاص میں سیاسی و سماجی رہنما چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی،ڈی او سپیشل ایجوکیشن ملتان ڈویژن میاں محمد ماجد،ڈی او لٹریسی مظفر گڑھ مس طاہرہ رفیق، خاتون سماجی رہنما چئیرپرسن دستگیر جسٹس فورم مسز طاہرہ نجم ، مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی او سپیشل ایجوکیشن ملتان ڈویژن میاں محمد ماجد نے کہا کہ کرونا وباء کے باعث ساری دنیا میں بے پناہ جانی و مالی نقصان کے ساتھ ساتھ تعلیم کا بھی بہت نقصان ہوا ہے ترقی پزیر ملک ہونے کے سبب پاکستان میں بھی شعبہ تعلیم کو ناقابل تلافی نقصان ہوا خصوصاّ خواتین اور بچیوں کی تعلیم پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوئے والدین کو چاہیے کہ وہ بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دیں۔چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل ہاشمی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے خواتین کو وہ حقوق دیے جو اس سے پہلے کسی مذہب نے نہیں دیے عورت کو خدا نے ماں بہن ،بیٹی اور بیوی جیسے معتبر رشتوں میں ڈھالا ہے ہمیں خواتین کے حقوق کے ساتھ ساتھ ان کے فرائض کی بات بھی کرنی ہوگی۔مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کا کہنا تھا کہ خواتین کو مقابلہ کر کے آگے آنا ہوگا اور اپنے حقوق کی جنگ لڑنا ہوگی خواتین صلاحیتوں کے اظہار نہ کرنے اور پیچھے رہ جانے کے سبب محرومی و استحصالی کا شکار ہیں ہمیں خواتین کو مساوی حقوق دینے ہونگے تبھی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گی۔ مسز طاہرہ نجم، مسز شگفتہ اظہر اور مس طاہرہ رفیق نے کہا کہ پاکستان کی خواتین تمام شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہی ہیں، خاص کر تعلیمی نظام میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر تقریب کے میزبان الاظہر سائنس ہائی سکول کے وائس پرنسپل مس ساجدہ، علی صابر سبحانی اور ٹیچر لائبہ تھے۔ جبکہ سیمینار کے شرکاء خاص و مقررین میں ممتاز سماجی علمی ادبی شخصیات پروفیسر اعظم حسین،رشید عباس خان، محمد عدنان اور اساتذہ و طالبات کی کثیر تعداد شامل تھی۔ اس موقع پر سکول کی طالبات نے تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے خواتین کے حقوق و مسائل اور زمہ داریوں کو اجاگر کیا۔