عمران خان کی قیادت میں معیشت ترقی کر رہی ہے، شیخ رشید

94

راولپنڈی ۔14فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جو لوگ فوج کو گالی دیتے ہیں ان کی زبان گدی سے کھینچ لینی چاہئے، عمران خان کی قیادت میں معیشت ترقی کر رہی ہے، اسلام آباد میں 30 ناکے ختم کر دیئے ہیں، آنے والے دنوں میں اسلام آباد میں ماڈرن پولیس نظر آئے گی، پی ڈی ایم قانون کے دائرے میں لانگ مارچ کے لئے آئے تو کوئی رکاوٹ نہ ہو گی، پاکستان جیسا آزاد میڈیا برطانیہ اور امریکا میں بھی نہیں، گزشتہ روز اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چار لوگ شہید ہوئے ہیں، وہ بلوچستان کیلئے نہیں بلکہ اپنی جان پاکستان کیلئے قربان کرتے ہیں اور جو لوگ فوج کو گالی دیتے ہیں ان کی زبان گدی سے کھینچ لینی چاہئے کیونکہ یہ عظیم سپوت ہیں جنہوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردی ختم کی، یہ پاک فوج کی قربانیوں ہی کا نتیجہ ہے کہ آج وزیر داخلہ جیمر والی گاڑی کے بغیر آپ سے خطاب کر رہا ہے، ہر 2 سے 4 روز میں خبر آتی ہے کہ فوجی جوان شہید ہو گئے، یہ ملک کو اندر سے تباہ کرنے کی ہندوستان کی سازش ہے کیونکہ بھارت کو پتہ ہے کہ وہ ملک کی سرحدوں سے چھیڑ چھاڑ نہیں کر سکتا، انہیں پتہ ہے کہ پاکستان کی سرحدوں پر آئے تو 20 کروڑ لوگ پاک فوج کے ساتھ مل کر اپنی جان دینا اعزاز سمجھیں گے، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی سیاست میں وہی لوگ انتشار پھیلا رہے ہیں جو پاکستان بنانے کے مخالف تھے اور وہی پارٹیاں آج سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں جو پاکستان بنانے کے خلاف تھیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ دکھ مجھے صرف مسلم لیگ ن کا ہے، دنیا ادھر سے ادھر ہو جائے کوئی مسلم لیگی پاک فوج کے خلاف بات نہیں کر سکتا، وہ مسلم لیگی ہی نہیں جو پاک فوج کے خلاف بولے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں معیشت بہتر ہونے جا رہی ہے، کوڈ 19 سے ہندوستان تباہ و برباد ہو گیا، امریکا میں ایک دن میں چار، چار لاکھ لوگ کووڈ کا شکار ہو رہے ہیں لیکن اس کی نسبت پاکستان نے اس بیماری پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے اس کا سہرا عمران خان اور پاک فوج کو جاتا ہے،وفاقی وزیر نے کہا کہ  3 مارچ کو سینیٹ الیکشن ہو رہے ہیں اور یہ اسی اسمبلی کو گالی دیتے ہیں جس کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں، سینیٹ کے انتخابات اوپن کریں یا خفیہ بکنے والے بک جاتا ہے، بکنے والوں کی لالچ انہیں برباد کر دیتی ہے، کسی ایک کا ووٹ کم ہو گیا تو قیامت نہیں آجائے گی، انہوں نے کہا کہ مجھے اپوزیشن کی سمجھ آگئی ہے، وہ استعفے نہیں دیں گے اور دینے بھی نہیں چاہیں، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو حلوہ کھلانے کی بات کی لیکن اب موسم بدل گیا ہے، اس لئے پیشکش واپس لیتا ہوں، پی ڈی ایم بھی اپنے معاملات پر سوچے، دھرنا بہت مشکل کام ہے ہمیں 126 دن کے دھرنے کا تجربہ ہے، میری بات آصف زرداری کو سمجھ آگئی ہے اور بلاول میرے دل کے قریب ہے اور میری بات دل سے سمجھتا ہے، اپوزیشن کو آخر کار پیپلز پارٹی کی بات ماننی پڑے گی، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے قانون کے دائرے میں لانگ مارچ کیلئے آئیں تو کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی اور اگر قانون کے دائرے سے باہر نکلے تو انہیں قدم قدم پر رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں میں جن لوگوں کی تین سالہ مدت پوری ہو چکی ہے، جن سے اوورسیز پاکستانی ناخوش ہیں اور کرپشن میں ملوث ہیں انہیں فی الفور بلانے کا اعلان کرتا ہوں، غیر ملکی شہریت لینے والوں کو بھی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ ابھی 25 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بدمعاشوں کا شہر نہیں اس لئے 33 میں سے 30 ناکے ختم کر دیئے جبکہ باقی 3 بھی جلد ختم کر دیں گے، اسلام آباد پولیس کو ماڈل پولیس بنا رہے ہیں، آنے والے دنوں میں آپ کو اسلام آباد میں جدید پولیس نظر آئے گی، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 237 باغ ہیں اور ان سب کو بہتر بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فری میڈیا ایک ڈکٹیٹر نے کیا، میں چیلنج کرتا ہوں کہ دنیا میں اتنا زبردست الیکٹرانک میڈیا برطانیہ اور امریکا میں نہیں جتنا پاکستان میں ہے۔