کاروبار کی بحالی، زراعت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں :معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس

106

لاہور15فروری(اے پی پی): معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے  بین الاقوامی مذہبی آزادی کانفرنس 2021 میں شرکت کیلئے آئے امریکی وفد نے  انکے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت امریکی ریاست میری لینڈ سے ڈیموکریٹک سنٹرل سٹیٹ ممبر عائشہ خان نے کی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات میں گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستانی پر امن لوگ ہیں یہاں ہر شخص کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔حکومت بین المذاہب ہم آہنگی  کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریات  کی روشنی میں وزیر اعظم عمران خان ایک روشن خیال معاشرے کی تشکیل کیلئے پر عزم ہیں۔ مغرب میں نبی پاکﷺ کی ذات اور اسلام کے خلاف کیا جانے والا منفی پراپیگنڈہ مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث بنتا ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار  کے نام پر کسی بھی مذہب کی تحقیر کی ممانعت کا اصول ہمیشہ کیلئے طے ہو نا چاہئے۔اسلام  بنیادی انسانی حقوق کا مکمل چارٹر پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سٹیٹس کو کے خلاف اور عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے ساتھ اقتدار میں آئی۔وزیر اعظم عمران خان غربت کے خاتمہ کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار کی بحالی، زراعت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں ٹیکسٹائل انڈسٹری مکمل طور پر بحال ہوئی، ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ اجناس اور اشیاء خردونوش کی قیمتوں میں استحکام کیلئے مارکیٹس کا جدید نظام کے تحت ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نے قبضہ مافیا، مہنگائی مافیا سمیت ہر طرح کے مافیا کا مقابلہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے، معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ   تحریک انصاف کی پالیسیوں کا مرکز متوسط اور غریب طبقہ ہے۔وفد کے شرکاء نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی مذہبی آزادی کانفرنس  2021کی میزبانی کو سراہا۔وفد میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے پاسٹر جان ڈیویڈ، مائیکل شینن، جیمز مائیکل سمیت دیگر بھی شریک تھے۔