ملتان،16فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی ملتان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کل 29 کیسز زیر بحث لائے گئے،16 کیسز کی منظوری دی گئی،6مسترد اور 7 کو اگلے اجلاس میں دوبارہ پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا کمرشل اداروں کے بائی لاز کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں اور تمام محکمے اپنی حدود میں رہتے ہوئے ہر کمرشل عمارت کے نقشے کی شرائط پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کمرشل بلڈنگز کی پارکنگ کے لئے جگہ کی فراہمی مالکان کی ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نقشہ منظوری سے قبل تعمیرات شروع کر دینے والوں کو جرمانے کئے جائیں اور مین سڑکوں اور گنجان آباد علاقوں میں مزید کمرشلائزیش کی ہرگز اجازت نہ دی جائے،تمام افسران ہر کیس کی تیاری اور ورکنگ مکمل کرکے آئیں۔
عامر خٹک نے کہا کمرشل عمارات کے قیام سے قبل چھوٹی اوربڑی ٹریفک کی اسسمنٹ ضرور کی جائے اور ٹریفک پولیس شہری حدود میں داخل ہونے والی لوڈ ٹرالیوں کو ڈھانپنے کا پابند بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ نقشہ منظوری کے وقت آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے تاکہ ہمارے اقدام کی شہری ضرور حوصلہ افزائی کریں۔