سینیٹ الیکشن میں عمران خان اور ان کی جماعت اکثریت حاصل کرے گی؛ وزیر داخلہ

69

اسلام آباد،16فروری  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نظام کو تہہ و بالا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کو شکست ہوئی ہے۔ سینیٹ الیکشن میں عمران خان اور ان کی جماعت اکثریت حاصل کرے گی اور وزیراعظم سرخرو ہوں گے، سینیٹ الیکشن کے بعد ملک میں سیاسی سکون اور بہتری آئے گی اور عمران خان کی قیادت میں ملک میں سیاسی و اقتصادی لحاظ سے بہتری آئے گی۔

منگل کو وزارت داخلہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ویزہ سیکشن سے 50 افسروں کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے جو اپنا چارج نہیں چھوڑے گا اسے فارغ کر دیا جائے گا، دس سال کے  پاسپورٹ کی فیس 4500 روپے   ہو گی، دو لاکھ افراد کو ای ویزہ دیا جائے گا، چار ہفتے میں ویزہ جاری کیا جائے گا، ایجنسیز کو چار ہفتوں میں رپورٹ کلیئر کر کے دینی ہو گی۔

 انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کا بڑا شور ہے، ان کے پاسپورٹ کی معیاد  منگل کی  رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی، 20 اگست 2018ء سے نواز شریف اور مریم نواز ای سی ایل پر ہیں، نیب کی ہدایت پر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، کابینہ نے بھی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی جس شخص کا نام ای سی ایل پر ہو اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا سکتا، نواز شریف اگر وطن واپس آنا چاہیں تو 72 گھنٹوں میں ان کو ان کی درخواست پر پاکستان آنے کے لئے ای ٹی ڈی جاری کیا جا سکتا ہے لیکن وہ پاکستان آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور ان کے اعلانات محض سیاسی ہیں، انہیں باہر جانے کی جو اجازت ملی تھی اس کا انہوں نے غلط استعمال کیا، اب عدالت نے بھی ان کو وطن واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپس آنے سے نہیں روکا جا رہا، وہ واپس آنا چاہتے ہیں تو ابھی درخواست دیں، انہیں سفری دستاویز جاری کر دیں گے۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مولانا فضل الرحمن سمیت جو اسمبلیوں پر لعنت بھیجتے تھے، آج انہی اسمبلیوں سے ووٹ مانگتے پھر رہے ہیں، نظام کو تہہ و بالا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کو شکست ہوئی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ سینیٹ الیکشن میں سرپرائز ہو گا وہ جان لیں کوئی سرپرائز نہیں ہو گا، سینیٹ کا الیکشن عمران خان جیتے گا، سپریم کورٹ کا سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اہم فیصلہ بھی آنے والا ہے، جن لوگوں کا ضمیر مردہ ہوتا ہے وہ بکتے ہیں، آصف علی زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن ان کو مایوسی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے 26 مارچ کو احتجاج کا اعلان کیا ہے لیکن میری ان سے درخواست ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا احترام کریں اور احتجاج کو رمضان کے بعد کر لیں تاہم اگر وہ 26 مارچ کو ہی کرنا چاہتے ہیں تو ان کے راستے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کریں گے، اگر انہوں نے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا تو انہیں پہلے کی طرح احتجاج کرنے کی اجازت ہو گی۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں تحریک لبیک کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے 21 اپریل تک حکومت سے تعاون کا اعلان کیا ہے، انہیں معلوم ہے کہ میں خود ختم نبوتۖ کا مجاہد ہوں، میں نے مولانا عبداللہ کے ساتھ بھی ختم نبوتۖ کے لئے جیل کاٹی ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں بھی عرصہ دراز سے مختلف پوسٹوں پر تعینات افسران کو تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھوکہ دے کر ملک چھوڑنے والے کیسے سیاستدان ہیں، لوگ تو مرنے کے بعد بھی وطن واپس آ جاتے ہیں۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نادرا کے نئے چیئرمین کے لئے اشتہار دیدیا ہے، نئے چیئرمین کا انتخاب طریقہ کار کے مطابق کیا جائے گا، عارضی چیئرمین کوئی پالیسی فیصلہ نہیں کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے میرا کوئی رابطہ نہیں، اگر نواز شریف کی وطن واپسی کی درخواست آئی تو انہیں سفری دستاویز جاری کریں گے۔