ملتان،16فروری(اے پی پی): ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی مہم کا کل آخری روز ہے، اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی نے ٹیکے لگوانے سے انکاری والدین کی ترغیب کے لئے اپنے بچوں کی ویکسی نیشن کی تصویر جاری کردی۔
اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ شہری اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے ضرور لگوائیں کیوں کہ آج کے بچے کل کے پاکستان کا مستقبل ہیں، صحت مند قومیں ہمیشہ ترقی کے منازل طے کرتی ہیں۔
اے ڈی سی جی نے کہا ویکسین بارے فرسودہ خیالات کی وجہ سے پاکستان پولیو کے خلاف جنگ میں پیچھے رہ گیا ہے،ایک باوقار قوم کی طرح ہم نے موذی امراض کے خاتمہ کے لئے دنیا کے ہم قدم کھڑے ہونا ہے،پاکستانی قوم ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹائیفائیڈ ویکسینیشن کو بچوں کے امراض سے بچاؤ کی مستقل مہم کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ علمائے کرام دینی مدارس میں زیر تعلیم بچوں کی ویکسینیشن کے لئے کردار ادا کریں، ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے محکمہ صحت نے دینی مدارس میں ٹائیفائیڈ ویکسینیشن شروع کر دی ہے، کچہری روڈ پر واقع محکمہ صحت کے آفس سے متصل دینی مدرسے کے بچوں کی ویکسینیشن کر دی گئی ہے۔