ضم شدہ اضلاع کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ آئی جی پی ثناء اللہ عباسی

82

پشاور، 16فروری(اے پی پی): انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج ضلع خیبر میں واقع جمرود شاکس پولیس ٹریننگ سکول کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کے جاری ٹریننگ سیشن کا جائزہ لیا۔

ٹریننگ سکول پہنچنے پر پاک آرمی اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی پی او خیبر، ڈاکٹر محمد اقبال اے آئی جی ٹریننگ، ڈائریکٹر ٹریننگ سکول اور آرمی کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کمانڈنٹ ایف سی باڑہ رائفل کرنل ندیم مشتاق نے آئی جی پی کو نقشوں اور چارٹوں کی مدد سے پولیس ٹریننگ سکول شاکس میں سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کے اہلکاروں کو فراہم کی جانے والے بنیادی تربیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر آئی جی پی نے زیر تربیت ریکروٹس کے مختلف تربیتی مظاہرے جن میں رائفلز کا کھولنا اور جوڑنا اور کرائم سین سے شہادتیں اکٹھا کرنا وغیرہ شامل ہیں بھی دیکھے۔

 بعد ازاں آئی جی پی نے نئے قائم شدہ پولیس ٹریننگ سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ آئی جی پی زیر تربیت جوانوں کے بیرکس میں بھی گئے جہاں انہوں نے جوانوں کی رہائشی سہولیات کا عمیق جائزہ لیا اور معائنے کے روشنی میں متعلقہ پولیس حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

 آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کے زیر تربیت ریکروٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے پاک فوج کے ساتھ مل کر قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کیا اور دونوں نے ملک کے سرحدوں کی دفاع کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردوں کو شکست دی۔ آئی جی پی نے زیر تربیت ریکروٹس سے کہا کہ آپ کی انضمام اور تربیت کے بعد آپ کے کیئریر پلاننگ کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو آپ کی پروموشن کے لیے قوائد و ضوابط مرتب کررہی ہے۔ تربیت سے فارغ التحصیل ہو کر آپ کی پروموشن کا عمل شروع کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ فاٹا کے جوانوں کی پولیس میں بھرتی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے۔ جو خالصتاً میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر ہو رہا ہے۔ اسی طرح سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کے پیشہ ورانہ کیئریر میں ترقی دی جائے گی۔ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو پشاور پولیس کو حاصل تمام مراعات اور سہولیات برابر مل رہی ہیں۔ تربیت کا ذکر کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت جوانوں کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس ٹریننگ سکول شاکس کو معیاری تربیت کے حوالے سے منفرد ادارہ بنایا جائے گا اور بنیادی تربیت کے ساتھ ساتھ ان سروس ٹریننگ کی مختلف نوعیت کی تربیت بھی یہاں فراہم کی جائے گی۔ آئی جی پی نے سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کو تربیت سے آراستہ کرنے میں تعاون فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول عبدالحئی نے آئی جی پی کو سکول میں قائم اکیڈیمک بلاک، ایڈمنسٹریشن بلاک اور جرگہ ہال کے بارے میں بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ آئی جی پی نے پچھلے دنوں شاکس پولیس ٹریننگ سنٹر کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔ سکول میں پرنسپل اور دیگر عملہ تعینات کردیا گیا ہے جنہوں نے آئی جی پی خیبر پختونخوا کو بریفنگ دی۔اس موقع پر آئی جی پی نے خیبر پختونخوا صوبائی حکومت کا شاکس ٹریننگ سکول خیبر پختونخوا پولیس کو حوالے کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا نے شاکس ٹریننگ سکول کا غیر رسمی افتتاح بھی کیا۔

 بعدآزاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے پاک آرمی کی خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کو تربیت سے آراستہ کرنے اور تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ایک سوال کے جواب میں آئی جی پی نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔ ضم علاقوں میں اب تک متعدد پولیس اسٹیشنز بنائے جاچکے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں آئی جی پی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو پنجاب پولیس کے برابر تنخواہیں اور دیگر مراعات دینے کے لیے سمری صوبائی حکومت کو ارسال کی رہی ہے۔

 بعد آزاں آل فاٹا شہدا کے چیئرمین پرویز احمد نے آئی جی پی سے ملاقات کی اور ان سے لیویز اور خاصہ داروں کے لیے شہداءپیکج پر تبادلہ خیال کیا۔