تھرپارکر،17فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد نواز سوہو کی سربراہی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں 21 فروری کو قومی حلقہ221 تھرپارکر کے ضمنی انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔
ضمنی انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے کوأرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر میاں محمد شاہد، ریٹرننگ افسر روشن علی مستوئی ، روینیو افسران کے علاوہ پولیس اور رینجرز کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پولنگ اسٹیشن میں بنیادی ضروریات اور انتظامات کی فراہمی، انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز میں پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے سلسلے میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی پلان بھی بنایا گیا ہے جبکہ پولنگ اسٹیشن کے باہر سیکیورٹی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ پولیس اور رینجرز کی جانب سے 20 فروری کو فلیگ مارچ بھی کیا جائیگا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز باہمی رابطہ کاری میں رہیں گے۔