اسلام آباد،18فروری(اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم کرنے کے حوالے سے جنگلات اور شجرکاری کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں جنگلات کے تحفظ اور بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیرِ اعظم کو چھانگا مانگا و دیگر جنگلات کی بحالی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ چند سالوں میں چھانگا مانگا کے ڈھائی ہزار ایکٹر رقبے کو درختوں سے محروم کرکے بنجر بنا دیا گیا ہے، موجودہ دورِ حکومت میں ٹین بلین سونامی مہم میں ایک ہزار ایکڑ رقبے پر شجر کاری کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ ڈھائی ہزار ایکڑ رقبے پر سال 2023تک یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے صوبہ بھر میں جنگلات کی بحالی کے لئے مربوط پالیسی مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ غیر قانونی شکار اور درختوں کی کٹائی کی روک تھام کے حوالے سے بھی منظم اقدامات یقینی بنائیں جائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے جنگلات کے تحفظ و بحالی کے لئے ٹیکنالوجی کو برؤے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وزیر برائے جنگلات پنجاب سبطین خان و دیگر بھی شریک تھے۔