لاہور، 19فروری(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کی خرابیوں کو درست کیا ہے،فرسودہ نظام کو بدل کر عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہرچھوٹے بڑے ضلع میں جاکر عوامی مسائل حل کررہا ہوں،منتخب نمائندوں اورپارٹی عہدیداروں کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں،تحریک انصاف کے عہدیداران کے لئے میرے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداران کو پورا احترام دیا جائے گا،پارٹی کے عہدیداران اورکارکنان کو ان کا جائز مقام دیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کی خرابیوں کو درست کیا ہے،بوسیدہ نظام عوام کی فلاح کیلئے نہیں بلکہ اشرافیہ کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے،فرسودہ نظام کو بدل کر عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے بھٹکارہا۔ ہماری حکومت نے پاکستان کو درست راستے پر گامزن کردیا ہے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں پاکستان تحریک انصاف سرگودھا کے صدرو ٹکٹ ہولڈرانصر اقبال ہرال اورٹکٹ ہولڈر اسامہ میلہ شامل تھے۔











