حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں شعراء، ادیبوں، اداکاروں،گلوکاروں اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے: سردار عبدالحئی خان

111

مظفرگڑھ، 19فروری (اے پی پی):  مشیر زراعت پنجاب سردار عبدالحئی خان دستی  نے کہا ہے کہ شاعر اور ادیب معاشرے کا حساس طبقہ اور حسن ہوتے ہیں جو اپنی شاعری اور تحریروں کے ذریعے اپنے علاقے کی ثقافت اورروایات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر روشناس کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں شعراء، ادیبوں، اداکاروں،گلوکاروں اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے یہ بات انہوں نے حکومت پنجاب کے محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر کی طرف سے مقامی شعراء اور ادیبوں کو چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی شعراء اور ادیب معاشی مشکلات سے دوچار ہیں جو اپنا درد کسی کو بیان نہیں کرسکتے حکومت پنجاب ایسے علاقائی شعرا ء اور  ادیبوں کی مالی معاونت کررہی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دو شعبوں میں خصوصی توجہ دے رہی ہے جس میں سر سبز پاکستان اور شعبہ تعلیم شامل ہیں اور تعلیم اور ادب ساتھ ساتھ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ادب دوست شخصیت ہیں جو معاشی طور پر کمزور شعراء، ادیب اور دیگر فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں، ان کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں۔ ان کے بیمار ہونے پر ان کی تیمار داری کرتے ہیں اور مالی معاونت بھی کرتے ہیں۔ تقریب میں صوبائی مشیر برائے زراعت نے مقامی شاعرہ شاہدہ علوی کو ان کی کتاب گویڑ پر 40ہزارروپے، مقامی شاعر فیض بخش کو ان کی کتاب تھل واس پر 40ہزارروپے، مقامی شاعرمحمد سونہارا کو ان کی کتاب سمندر دی تریہہ پر 40ہزارروپے،مقامی شاعر مظہر حسین کو ان کی کتاب نکھیڑا نہ ہوندا پر 40ہزارروپے جبکہ مقامی ادیب محمد مزمل صدیقی  کی کتاب مٹی کا قرض پر 45ہزار روپے کا چیک دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد شہزاد، جنرل سیکریٹری مظفرگڑھ پریس کلب محمداعظم بلوچ،صدر پریس کلب  اے بی مجاہد، نظیر احمد لاشاری اور ماجد رحیم خانزادہ بھی موجودتھے۔ تقریب میں مقامی شعراء نے اپنا اپنا کلام بھی پیش کیا۔چیک وصول کرنے والے شعراء نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادراور سیکریٹری محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر پنجاب راجہ جہانگیر انور  کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی و علاقائی شعراء کی حوصلہ افزائی پنجاب حکومت کی ادب دوستی کا ثبوت ہے اور امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔