پشاور،19فروری(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے وزیرمال حاجی قلندر خان لودھی نے گزشتہ روز ضلع ٹانک میں سروس ڈیلیوری سنٹر کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور سنٹر کے انفارمیشن، فرد، انتقال، تصدیق، فردبدر اور دوسرے کاؤنٹرز کا معائنہ بھی کیا۔
صوبائی وزیر مال کوکمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قلندر خان لودھی نے کہا کہ سروس ڈیلیوری سنٹر کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے جہاں پر سائلین مخصوص موضع جات پر فرد بدر،فرد اور انتقال جیسی سہولیات مختصر وقت میں کمپیوٹرائزڈ طریقے سے حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ سے مختصر وقت میں زمین اور جائیداد کے تناعازت اور معاملات حل ہونگے جس سے عوام کافی مستفید ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ اراضیات کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن ہونے سے لوگوں کو قبضہ مافیا سے بھی چٹھکارا مل جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری سنٹرز کے قیام کا مقصد عوام کو ایک چھت کے نیچے شفاف انداز میں بہتر سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے قیام سے عوام کو انتقالات،فرد وغیرہ کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر سے بھی نجات مل جائے گی۔
حاجی قلندر خان لودھی کا کہنا تھاکہ اگر کسی کو محکمہ مال کے اہلکاروں کیطرف سے کوئی مسئلہ ہو تو وہ وزیرمال کے دفترمیں قائم شکایت سیل پر اپنی شکایت درج کرسکتا ہے جس پرذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ مال صوبے میں زمین کے حصول اورلینڈ ریکارڈ کو محفوظ رکھتا ہے تاکہ عوام کو زمین کے حوالے سے بنیادی حقوق باآسانی مہیا کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ہدایت کی روشنی میں بہتر طرز حکمرانی اور انتظامی امور کی بہتری کے لیے مختلف انتظامی اکائیوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹانک کبیر خان آفریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ ناصر علی،ڈائریکٹر آئی ٹی اکبر زمان اور دوسرے آفیسرز بھی موجود تھے۔