صوبائی سیکرٹری لائیواسٹاک طیب لہڑی نے سالانہ سبی میلہ مویشیاں کا افتتاح کردیا

170

سبی، 04 مارچ (اے پی پی ):  صوبائی سیکرٹری لائیواسٹاک طیب لہڑی نے سالانہ سبی میلہ مویشیاں کا باضابطہ طور پر افتتاح کردیا،افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر سیدزاہد شاہ،ڈی جی لائیواسٹاک ڈاکٹر عبدالحمید مستوئی،نوابزادہ اسداللہ خان رئیسانی سمیت کثیر تعداد میں افراد  نے   شرکت کی ۔

اس  موقع پر صوبائی سیکرٹری لائیواسٹاک طیب لہڑی نے  کہا کہ آنے والے وقت میں گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے لائیو اسٹاک کو سائنسی  بنیادوں پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے،انہوں   نے کہا کہ  موجودہ حکومت نے لائیواسٹاک کے فروغ کے لیے بجٹ میں 13فیصد اضافہ کیا ہے ۔

طیب لہڑی  نے     کہا کہ  میلہ میں    مالداروں کے جانوروں کا علاج معالجہ مفت میں کیا جارہا ہے، جلد ہی صوبے بھر کے اضلاع میں ویٹرنری یونٹ قائم کریں گے جبکہ  صوبے کے دورافتادہ علاقوں میں جانوروں کا علاج معالجہ کےلیے ڈاکٹرز مالداروں کو ان کی دہلیز پر سروس فراہم کریں  گے ،انہوں نے   کہا  کہ صوبے کے ریسرچ سینٹرز میں دیگر صوبوں کے ماہرین سے بھی معاونت حاصل کی جارہی ہے ،سبی ریسرچ سینٹر میں بھاگناڑی اور ساہیوال کی نسل سے کراس نسل لے کر گوشت کی ضروریات کو پورا کیا جاے گا۔

صوبائی سیکرٹری لائیواسٹاک طیب لہڑی نے کہا کہ بلوچستان میں لائیواسٹاک کا مستقبل روشن ہے،  یہاں   70فیصد عوام کا دارومدار مالداری پر منحصر ہے ، جانوروں کےگوشت کے علاوہ ان کی کھالوں سے بھی زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے  کہا کہ بلوچستان میں 4 کروڑ جانور موجود ہیں، کرونا کی لہر کے باوجود ایس او پیز کے تحت میلہ مویشیاں کے انعقاد کو ممکن بنایا گیا، بلوچستان میں لائیواسٹاک کو جدید خطوط پر استوار کرکے زرمبادلہ کو بڑھایا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سیدزاہد شاہ  نے کہا کہ سبی میلہ مویشیاں صوبےکی معیشت و مالداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔