ملتان 8مارچ)اے پی پی ): فروٹ و سبزی منڈی میں ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ہفتہ صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر واک بھی منعقد کی گئی ہے۔
اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سبزی منڈی میں صفائی مہم شروع کر دی گئی ہے،کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت سبزی منڈی میں درخت لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی میں موجود پلاٹ کو بھی منی پارک میں تبدیل کیا جائے گا۔خواجہ عمیر محمود نے کہا کہ سبزی منڈی میں پھڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔
ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ فروٹ و سبزی منڈی میں ڈمپ کیا گیا تمام ویسٹ اٹھایا جائے گا،کمپنی ورکرز کو ہیوی مشینری فراہم کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی میں صفائی قائم رکھنے کے لئے آڑھتیوں کا انتظامیہ سے تعاون بہت ضروری ہے ،سبزی منڈی روزانہ آنیوالی سینکڑوں گاڑیوں کا کچرا جگہ جگہ سڑکوں پر پھینک دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر صفائی کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا ۔
واک کے اختتام پر سبزی منڈی میں پودے بھی لگائے گئے۔











