چیف آف ایئر اسٹاف  ایئرمارشل مجاہد انور خان کاوزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا دورہ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے  ملاقات

44

اسلام آباد،10مارچ  (اے پی پی):چیف آف ایئر اسٹاف  ایئرمارشل مجاہد انور خان نے بدھ کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے بھی ملاقات کی۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے  سربراہ پاک فضائیہ کو وزارت میں جاری منصوبوں کے بارے آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے فواد چوہدری کی سربراہی میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی کارکردگی کو سراہا۔ملاقات کے دوران ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پاک فضائیہ اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مابین باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سول،ملٹری انٹرفیس کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل مجاہد  انور خان نے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سول، ملٹری تعاون کے فروغ  کے لئے پاک فضائیہ کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پاکستان میں سول مقاصد کے لئے ڈرون ٹیکنالوجی میں بھی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پاک فضائیہ کے اشتراک پر گفت و شنید کی گئی۔   وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے زراعت کے شعبہ میں ڈرون ٹیکناکوجی کے استعمال کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان میں زراعت کے شعبہ میں برق رفتار ترقی ممکن ہوسکے گی۔ ایئر چیف نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو ڈرون ٹیکنالوجی میں پاک فضائیہ کی بھرپور تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی، ایسے اشتراک سے  چند ماہ میں ہی  پورے ملک میں پاکستانی ساختہ ڈرون کی پیداوار کی راہ ہموار ہوسکے گی۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پاک فضائیہ کی ملکی دفاع کے لئے ناقابل فراموش خدمات پر تبصرہ کرتے ہوئے 27 فروری کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل کی جنگوں کا انحصار ایئرواسپیس ٹیکنالوجی پر ہوگا اور جنگ کے نتیجہ کا تعین کسی بھی ملک کی  فضائیہ کی استعداد کرے گی۔ملاقات میں سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارشد محمود بھی موجود تھے۔