اسلام آباد،10مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کورارڈینیشن ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر سینماہائوسز، ان ڈور شادیوں اور ریسٹورنٹس میں پابندی برقرار رہے گی، اسلام آباد میں دفاتر میں 50 فیصد عملے کی حاضری کے فیصلے پر بھی عملدرآمد جاری رہے گا۔تفریح پارک بھی شام 6 بجے بند کر دیئے جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انوں نے بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 60 سال سے زائد عمررسیدہ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں سنیما ہالز کو 15 مارچ سے کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے اور ہوٹلوں کے اندر کھانے پر بھی پابندی عائد ہوگی جب کہ شادی ہالز کے حوالے سے بھی پالیسی برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ انتظامی ادارے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کریں جبکہ پوری قوم سے گزارش ہے کہ گھر سے باہر ماسک کااستعمال کریں اور کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ماسک کے استعمال پر مسلسل زور دے رہے ہیں۔ بیماری کے پھیلاؤ کے تناسب سے سمارٹ لاک ڈاؤن لگاتے رہیں گے۔











