اسلام آباد،10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سامنے آنے والے کوروناکیسز کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے 7 بڑے شہروں میں 15 مارچ سے 28 مارچ تک تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات ہوں گی۔ سندھ اور بلوچستان میں 50 فیصد بچے سکولوں میں آئیں گے ، جن تعلیمی اداروں میں امتحانات جاری ہیں وہاں امتحانات جاری رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنزاینڈ کوارڈینیشن ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ اور تعلیمی اداروں بارے تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔کورونا وائرس کیسز کے حوالہ سے سندھ اور بلوچستان میں حالات تقریباًٹھیک ہیں جبکہپنجاب اور خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر میں مسائل نظر آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومتیں حالات خراب ہونے پر سکول بند کر سکتی ہیں۔ حکومتیں باریک بینی سے معاملات کا جائزہ لیں ، سکولوں کو خود بھی مانیٹرنگ کرتے رہنا چاہیے۔











