کوہلو؛محکمہ تعلیم کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر آگاہی ریلی نکالی گئی

96

کوہلو، 13 مارچ (اے پی پی ):محکمہ تعلیم کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں  طلباء اساتذہ کرام،محکمہ تعلیم کے افسران اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آگاہی ریلی گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول سے برآمد ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں ایف سی روڈ،ٹریفک چوک،صدر بازار،شہید جسٹس محمد نواز مری چوک پر واک کرتے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی،  ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے اور تعلیم کی اہمیت وافادیت کے حوالے سے تاثرات درج تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امیر محمد کاکڑ،جعفرخان زرکون و دیگر نے شرکاء نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سکولوں سے باہر اپنے بچوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں سکولوں میں داخل کرکے ملک کو روشن مستقبل کی ضمانت دیں۔انہوں نے کہا کہ  آگاہی واک کا  مقصد  سرکاری سکولز میں ان تمام بچوں کا جو سکولوں سے باہر ہیں کاداخلہ ممکن بناکر عوام میں آگاہی پھیلانا ہے،  والدین اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کرکے زیور تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ بچے تعلیم حاصل کرکے اپنے والدین کا سہارا بننے کے ساتھ ملک کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

مقررین  نے کہا کہ  جن ملکوں نے ترقی کی ہے وہ صرف اور صرف تعلیم پر کی ہے حکومت بھی تعلیم پر زیادہ توجہ دے رہی ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں  نے تمام والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری سکولز میں داخل کروائیں اور محکمہ تعلیم کے عملے کیساتھ بھرپور تعاون کریں بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کو بھی سکولوں میں داخل کرائیں، ایک تعلیم یافتہ خاتون سے ہی ایک روشن اور پڑھا لکھا نسل پروان چڑھ سکتا ہے ۔

ضلع کے تمام تحصیل اور یونین کونسلز میں داخلہ مہم کے حوالے سے ریلیاں نکالی جائیگی تاکہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ رہ سکے اس سلسلے میں والدین،سیاسی و مذہبی جماعتیں،میڈیا۔سماجی و فلاحی تنظیمیں محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنا کردار ادا کریں۔