ملتان، 13مارچ (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کا پولیس کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے تھانوں کا اچانک دورہ، کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے بغیر پروٹوکول سول ڈریس میں تھانہ نیو ملتان اور تھانہ شاہ رکن عالم گئے۔
کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے دونوں تھانوں کی حوالات کا معائنہ اور ریکارڈ کی انسپکشن کی۔ ایڈیشنل آئی جی نے صفائی کی ناقص صورتحال اور عوام کیلئے سہولیات کی عدم فراہمی پر اظہار ناراضگی کیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے دو ہفتے میں تھانوں کی حالت زار بہتر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم صادر فرمایا۔
کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے تھانوں میں آئے شہریوں سے ملاقات بھی کی اور شکایات بھی سنیں۔ انہوں نے ایک شہری کی شکایت پر فوری ڈکیتی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ تھانوں کو شہریوں کیلئے خوف کے بجائے تحفظ کی علامت بنانا مشن ہے اور کہا جرائم کنٹرول کرنے میں ناکام پولیس افسران سخت محکمانہ کارروائی کیلئے تیار رہیں۔
ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ سٹریٹ کرائم روکنے کیلئے محافظ سکواڈ اور ڈولفن فورس کو حساس مقامات پر تعینات کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے تھانوں میں عوام کو بیٹھنے اور سروسز فراہمی کے مثالی انتظامات کئے جائیں۔