صحت،تعلیم،کورونا کنٹرول اور دیگرشعبوں میں نجی اداروں کا کردار قابل تعریف ہے؛ ڈپٹی کمشنر قمرالزمان

77

ملتان،14 مارچ(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی نے کہا  ہے کہ صحت اور تعلیم کا شعبہ ہر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوتا ہےصحت،تعلیم،کورونا کنٹرول اور دیگر شعبوں میں نجی اداروں کا کردار قابل تعریف ہے۔

نجی ادارے کی طرف سے منعقدہ ڈسٹرکٹ کانفرنس سے خطاب میں   قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ ہم ایک گلوبل ورلڈ میں رہ رہے ہیں جہاں ہم نے دنیا سے ہم قدم ہو کر چلنا ہے اور  پولیو جیسے موذی مرض کو کنٹرول کرنے میں ہم دنیا سے پیچھے رہ گئے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ پولیو کی وجہ سے ہمیں سفری پابندیوں کے خدشات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،آج پوری دنیا کو کورونا وباء کا سامنا ہے۔

قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ عالمی وباء نے دیگر ممالک کی طرح  پاکستان کی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے اور حکومت کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے وباء کے تباہ کن اثرات سے وطن عزیز محفوظ رہا، آج وطن عزیز کو بھی وباء کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا ایک مہذہب قوم کی طرح ہم نے اس وباء سے نمٹنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا وباء پر کنٹرول کا بہترین طریقہ کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد ہے، اگر احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کر دیا گیا تو وباء پھیلنے سے عالمی برادری میں اچھا تاثر قائم نہیں ہو گا۔انہوں  نے کہا وباء پھیلنے سے پوری دنیا ہم سے رابطہ منقطع کردے گی جس سے ہماری معیشت متاثر ہو گی۔

ممبر قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے کہا نوجوان وزیر اعظم عمران خان  کے اول دستہ کی حیثیت رکھتے ہیں اور موجود حکومت استحکام کی طرف گامزن ہے، ملک کی معیشت  مثبت بنیادوں پر استوار کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اوراستعفوں کی دھمکیاں دینے والے ضمنی اور سینٹ الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں پوری قوم پر اپوزیشن کی بے اصولی کی سیاست آشکار ہو چکی ہے،اپوزیشن کو اپنی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا۔

 چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ عمران خان کے بلین ٹری سونامی میں ملتان اپنا کردار ادا کررہا ہے اورشہر اولیاء میں بڑے ددخت لگانے کی ایک نئی روایت قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا پی ایچ اے شہر میں 22 مقامات پربڑے درخت لگا کر گھنی شجر کاری کررہا ہے ، ہم نے شہر کو خوبصورت بنا کر اس مٹی کا قرض ادا کرنا ہے۔