ملتان، 15 مارچ(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے پرعزم، کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کے لئے ضلع کے 40 پرائس مجسٹریٹس کو اختیارات سونپ دئے گئے ہیں ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی نے پرائس مجسٹریٹس کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نےپرائس مجسٹریٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کی تیسری لہر بہت تیزی سے پھیل رہی ہےنشتر ہسپتال پر کورونا وائرس کے مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے، نشتر ہسپتال کی کورونا ایمرجنسی میں صرف تین مریضوں کے داخلے کی گنجائش باقی رہ گئی ہے،کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی فرد کو ریاست کی رٹ چیلنح کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے لئے پرائس مجسٹریٹس کو پولیس فورس کی مدد حاصل ہوگی، تمام پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر شام 5 بجے اپنے ایریاز کی مارکیٹوں میں پہنچیں اور چیک کریں 6 بجے کے بعد کوئی دکان اور مارکیٹ کھلی نہ رہےصرف وہی دکانیں کھلی رہیں گی جنہیں پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام تاجر رہنماؤں کو حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے لئے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے، اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان اور اے سیز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔











