لاہور : میرا سکول پروگرام کا انعقاد،10 لاکھ طلبا کو سکولوں میں واپس لانے کا ہدف

172

لاہور، 19مارچ(اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ ڈی جی پی آر ہیڈکوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ ماہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سکول داخلہ مہم 2021 کا انعقاد کیا گیا تھا، سکول داخلہ مہم 2021 کا ہدف 10 لاکھ طلبا کو سکولوں میں واپس لانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سکول داخلہ مہم کے آغاز کے پہلے 45 دنوں میں 246000 بچے سکولوں میں واپس آ چکے ہیں،سکولوں میں واپس آنے والے تمام بچوں کی تصدیق کے لئے ان کے بے فارم وصول کئے جا رہے ہیں۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے والدین کو بے فارم جمع کرانے کی پرزور تلقین کی گئی ہے،گزشتہ چار ماہ کے دوران 1 کروڑ پانچ لاکھ بچوں کے بے فارم ہمارے پاس جمع ہو چکے ہیں۔والدین کی جانب سے اب تک 92 فیصد بچوں کے بے فارم سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرائے جا چکے ہیں،جمع کرائے جانے والے تمام بے فارموں کی نادرا کی جانب سے تصدیق کرائی جائے گی۔

وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ  وہ سرکاری سکول جہاں سہولیات کا فقدان ہے ،ان کو میرا سکول پروگرام کے تحت ٹھیک کیا جا سکے گا،میرا سکول پروگرام ان تمام لوگوں کے لئے ایک موقع ہے جو ملکی تعلیمی نظام میں بہتری دیکھنا چاہتے ہیں،جو کوئی بھی میرا سکول پروگرام میں معاونت فراہم کرنا چاہے ادارے کی جانب سے اسے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے  کہا کہ میرا سکول پروگرام کے تحت سکولوں کے بنیادی ڈھانچے، کمپیوٹر لیبز، سائنس لیبز، ایک وقت کا کھانہ یا کسی بھی مد میں معاونت فراہم کی جا سکتی ہے،نومبر 2020 میں نجی سکولوں کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے سسٹم کا آغاز کیا گیا تھا۔اب تک آن لائن سسٹم پیپریس پر 50 ہزار سے زائد سکول رجسٹریشن کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔