اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی ملاقات،سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال

122

اسلام آباد، 19 مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ہے، اجلاس میں خیبر پختونخواہ میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں،ڈی آئی خان ، راشکئی اکنامک زون کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ پر غور خوض کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، چشمہ رائٹ بینک کنال ، چکدرہ ہائی وے اور ڈی آئی خان موٹر وے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کہا کہ چشمہ رائٹ بنک لفٹ کینال منصوبے پر عملدرآمد صوبے کی فوڈ سیکیورٹی کے لیے نا گزیر ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے صوبے کے جنوبی اضلاع میں لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی زیر کاشت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کر دی گئیں ہیں۔

ملاقات میں وفاقی وزراء پرویز خٹک، عمر ایوب اور ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار اور وزیر خزانہ پختونخواہ تیمور خان بھی موجود تھے۔