ملتان؛ کمشنر جاوید اختر محمود سے چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے وفد کی ملاقات

90

ملتان،19مارچ(اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود سے چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے وفد نے  جمعہ  کو یہاں  ملاقات کی۔کمشنر ملتان نے کہا کہ حکومت پنجاب تاجر برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، حکومت کسی صورت شہریوں کا روزگار متاثر نہیں کرنا چاہتی، کورونا عالمی وبا ہے اور دنیا کی معشیت اس سے متاثر ہوئی ہے،حکومت پاکستان نے سمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی اپنا کر شہریوں کا کاروبار متاثر نہیں ہونے دیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے تاجر برادری کا کردار لائق تحسین ہے، کووڈ 19 وبا کنٹرول کرنے کیلئے حکومت تاجر برادری کے تعاون کی خواہاں ہے۔

کمشنر جاوید اختر محمود نے شہر کی تعمیر و ترقی،انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے تاجر برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسائل اور محکموں کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات فوری دور کر کے تاجر برادی کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں صفائی و پارکنگ کے مثالی انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔

کمشنر  نے کہا کہ تمام مرکزی شاہراہوں سے تجاوزات ختم کرکے کشادگی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کررہی ہے۔اندرون شہر سمیت گنجان آباد علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے کا پلان تیار کیا جاچکا ہے۔انہوں  نے  کہا کہ پارکنگ کے گھمبیر مسئلے پر قابو پانے کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

 تاجروں نے شہر میں جاری شجرکاری اور انسدد تجاوزات مہم بارے کمشنر ملتان کے اقدام کو سراہا اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔